پٹنہ، 13؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )بی جے پی کے سینئر لیڈر سشیل کمار مودی نے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد اور ان کے خاندان کی مبینہ غیر اعلانیہ جائیداد کے اپنے انکشافات کی اگلی کڑی میں لالو کی پانچویں بیٹی ہیما یادو پر تقریبا ایک کروڑ 40لاکھ روپے کی غیر اعلانیہ جائیداد رکھنے کا الزام لگایا ہے۔سشیل نے آج یہاں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ہیما یادو کو صرف لالو جی کے بی پی ایل کارڈہولڈر ملازم للن چودھری نے ہی 62لاکھ روپے کی 7.75ڈسمل زمین 13؍فروری 2014کو چندہ کے طورپر نہیں دی تھی، بلکہ اسی دن پٹنہ کے راجندرنگر میں واقع ریلوے کے کوچنگ کمپلیکس میں تعینات کھلاسی ہردیانند چودھری نے بھی ہیما یادو کو اپنی زمین عطیہ میں دی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ چندہ لیٹر پر ہیما یادو کا پتہ سابق وزیر اعلی اور ان کی والدہ رابڑی دیوی کی پٹنہ کے 10سرکلر روڈ پر واقع سرکاری رہائش گاہ درج ہے۔سشیل نے بتایا کہ للن چودھری اور ہردیانند چودھری کی طرف سے ہیما کو چندہ کے طورپر دئیے گئے پلاٹ کو للن اور ہردیانند نے ایک ہی دن 29؍مارچ 2008کو خریدا تھا۔انہوں نے بتایا کہ دونوں کو مذکورہ پلاٹ بیچنے والے آنجہانی دیوکی رائے کے خاندان سے ہیں۔ان کے ایک بیٹے وشنو دیو رائے نے للن چودھری کو اور دوسرے بیٹے برج نندن رائے نے ہردیانند چودھری کو 29؍مارچ 2008کو 4لاکھ 21ہزار روپے اور ایک ہی رقبہ 7.76ڈسمل زمین فروخت کی ۔سشیل نے الزام لگایا کہ ہردیانند چودھری نے بھی اسٹامپ ڈیوٹی کے لیے 6لاکھ 28ہزار ایک ہی دن للن چودھری کے ساتھ نقد ایس بی آئی کی مین برانچ میں جمع کرایا۔انہوں نے کہا کہ للن چودھری کے عطیہ لیٹر پر ہردیانند چودھری گواہ ہے اور ہردیانند کے عطیہ لیٹر میں للن چودھری گواہ ہے، یعنی ایک ہی دن 13؍فروری 2014کو ہیما یادو 15ڈسمل پٹنہ شہر کی انتہائی قیمتی زمین کی اس وقت قیمت ایک کروڑ 40لاکھ روپے تھی ، اس زمین کی قیمت آج پانچ کروڑ روپے سے زیادہ ہو گی۔